QR CodeQR Code

ڈونلڈ ٹرمپ کو میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کی جوابی دھمکی

27 Nov 2024 10:30

اپنے ردِعمل میں میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے کہا ہے کہ ہم بھی امریکا پر اپنی مرضی کے ٹیرف عائد کریں گے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ چھڑ سکتی ہے اور مزید مہنگائی بڑھ سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے میکسیکو سے درآمدی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف کے اعلان پر ردِعمل ظاہر کر دیا ہے۔ اپنے ردِعمل میں میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے کہا ہے کہ ہم بھی امریکا پر اپنی مرضی کے ٹیرف عائد کریں گے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ چھڑ سکتی ہے اور مزید مہنگائی بڑھ سکتی ہے۔ میکسیکو کی صدر نے متنبہ کیا کہ ایسے اقدامات دونوں ممالک میں افراطِ زر اور ملازمتوں میں کمی کا باعث بنیں گے، ایک ٹیرف کے بعد دوسرا آئے گا اور یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ انہوں نے مسائل کے بارے میں بات کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ امید ہے میری اور آنے والی ٹرمپ کی انتظامیہ دونوں جلد ملاقات کر سکتے ہیں۔ میکسیکو کی پہلی خاتون صدر کلاڈیا شین بام نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بھی بات کروں گی اور کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کو ایک خط بھی بھیجوں گی۔ واضح رہے کہ پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا اور چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ 20 جنوری کو میکسیکو اور کینیڈا سے آنے والی تمام اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دستاویز پر دستخط کروں گا، یہ ٹیرف منشیات اور غیر قانونی تارکینِ وطن کا داخلہ بند ہونے تک نافذ رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 1175103

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1175103/ڈونلڈ-ٹرمپ-کو-میکسیکو-کی-صدر-کلاڈیا-شین-بام-جوابی-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com