احتجاج کے دوران شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، شہباز شریف، جنرل عاصم منیر کی شرکت
27 Nov 2024 01:52
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم آرمی چیف نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تینوں اہلکار گزشتہ روز جاری ایک احتجاج کے دوران شہید ہوئے تھے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تینوں اہلکار گزشتہ روز جاری ایک احتجاج کے دوران شہید ہوئے تھے، شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو بھجوا دی گئیں، شہدا کو آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا میں نائیک محمد رمضان، سپاہی گلفام خان اور سپاہی شاہنواز شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ تشدد کی یہ کارروائیاں قانون نافذ کرنے والوں کے برداشت کی حدود چھورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی مذموم مقاصد کے حصول کیلئے کسی افراتفری اور خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، تشدد کی یہ کارروائیاں ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہیں اور قوم اس ہنگامہ آرائی کے دوران شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175046