ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے پی ٹی آئی مظاہرین کو شرپسند قرار دیدیا
26 Nov 2024 18:29
اپنے بیان میں ترجمان شاہد رند نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلح جھتوں کیجانب سے قانون کو ہاتھ میں لیکر رینجرز اہلکاروں پر تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مظاہرین کو شرپسند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہوا۔ مسلح جھتوں کے تشدد سے شہید رینجرز اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ رینجرز کے اہلکاروں نے فرائض منصبی کے دوران شہادت پائی۔ مسلح جھتوں کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لے کر رینجرز اہلکاروں پر تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ نام نہاد جماعت کے نام پر مسلح جھتوں کی بار بار اسلام آباد پر چڑھائی قابل تشویش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قانون کی بالا دستی سے کوئی شے مقدم نہیں۔ ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ احتجاج کے نام پر اسلام آباد کے شہریوں کو بار بار یرغمال بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لے کر ریاستی اہلکاروں پر تشدد کون سا احتجاج ہے۔ قانون شکن عناصر کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔ بحالی امن کیلئے تعینات رینجرز اہکاروں کے قتل میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف ایف آئی آر کا فوری اندراج کیا جائے۔ پاکستان کے عام شہری اور سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں کو مسلح جھتوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1175002