QR CodeQR Code

حزب الله خود کو دوبارہ مسلح کر لے گی، صیہونی وزیر داخلہ

26 Nov 2024 13:51

اپنے ایک بیان میں ایتمار بن گویر کا کہنا تھا کہ ہم جنگبندی کے ذریعے حزب الله کو شکست دینے کا ایک تاریخی موقع گنوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کا یہ معاہدہ ہتھیلی پر سرسوں جمانے کے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کی داخلی سلامتی کے وزیر "ایتمار بن گویر" نے لبنان کے ساتھ جنگ میں اپنے اہداف کے حصول میں ناکامی کا اعتراف کیا۔ تاہم اس کے باوجود انہوں نے بیروت سے سیز فائر کی مخالفت بھی کی۔ ایتمار بن گویر نے کہا کہ مخالف فریق کو شکست دینے اور شمالی مقبوضہ فلسطین میں ہمارے آباد کاروں کی اپنے گھروں کو واپسی کے بعد ہی جنگ ختم ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ بندی کے ذریعے حزب الله کو شکست دینے کا ایک تاریخی موقع گنوا رہے ہیں۔ صیہونی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیز فائر کا یہ معاہدہ ہتھیلی پر سرسوں جمانے کے مترادف ہے کیونکہ اس معاہدے کے بعد حزب الله خود کو دوبارہ مسلح کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں پارلیمنٹ میں اس معاہدے کے حق میں ووٹ نہیں دوں گا اور باقی صیہونی ممبران پارلیمنٹ کو بھی اس معاہدے کے خلاف ووٹ دینے پر قائل کروں گا۔

لبنان سے جنگ بندی کے حوالے سے صیہونی میڈیا نے رپورٹ دی کہ ایتمار بن گویر اور اسرائیلی وزیر خزانہ "بزالل اسموٹریچ" نے اس معاہدے کی مخالفت کی، تاہم اس بار انہوں نے ماضی کی طرح معاہدے پر اتفاق کی صورت میں اسرائیلی کابینہ توڑنے کی دھمکی نہیں دی۔ دوسری جانب صیہونی اپوزیشن لیڈر "یائیر لیپڈ" کا کہنا ہے کہ لبنان کے ساتھ سیز فائر اسرائیل کے لئے بہتر ہے۔ سیاسی اقدامات کے ذریعے عسکری کارروائیوں کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تو یہ تھا کہ لبنان کے ساتھ 10 ماہ قبل ہی جنگ بندی کا معاہدہ ہو جاتا۔ یائیر لیپڈ نے کہا کہ غزہ سے ہمارے قیدیوں کو ایک معاہدہ ہی واپس لا سکتا ہے جو اپریل یا جولائی میں طے پا سکتا ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل غور ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے قریب الوقوع معاہدے کی خبروں کے باوجود، امریکی میڈیا نے سیز فائر کے دعووں کی یکسر تردید کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1174935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174935/حزب-الله-خود-کو-دوبارہ-مسلح-کر-لے-گی-صیہونی-وزیر-داخلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com