امریکی و فرانسوی صدور آئندہ صبح لبنان میں جنگبندی کے معاہدے کا باقاعدہ اعلان کریں گے، صیہونی ذرائع ابلاغ
25 Nov 2024 23:08
اپنے ایک بیان میں الیاس ابو صعب کا کہنا تھا کہ اب اسرائیل اور لبنان کے درمیان 60 روزہ جنگبندی کے معاہدے کے راستے میں کوئی خاص رکاوٹ موجود نہیں۔
اسلام ٹائمز۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی کہ امریکی صدر "جو بائیڈن" اور فرانسوی صدر "امانوئل میکرون" آئندہ صبح بیروت اور تل ابیب کے درمیان دو ماہ کی جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کریں گے۔ اسی سلسلے میں صیہونی وزارت عظمیٰ کے ترجمان نے CNN سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کی کابینہ آئندہ کل لبنان سے جنگ بندی کی تجاویز پر ووٹنگ کے عمل سے گزرے گی اور اس بات کی توقع ہے کہ صیہونی پارلیمنٹ اس معاہدے کی منظوری دے دے گی۔ دوسری جانب آج لبنانی پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر "الیاس ابو صعب" نے کہا کہ اب اسرائیل اور لبنان کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی کے معاہدے کے راستے میں کوئی خاص رکاوٹ موجود نہیں۔
یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ CNN نے رپورٹ دی کہ صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" نے لبنان کے ساتھ سیز فائر کے لئے اپنی رضامندی کا اعلان کر دیا ہے۔ کچھ ہی دیر قبل امریکی خبررساں ایجنسی آکسیوس نے خبر دی کہ اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے بہت قریب ہیں۔ اس امریکی ادارے نے مزید کہا کہ اسرائیل کا حالیہ رویہ اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی میں سنجیدہ ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ واشنگٹن نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ وہ لبنان کی جانب سے کسی بھی خطرے کی صورت میں اسرائیل کے جوابی عسکری اقدام کی حمایت کی ضمانت دے گا۔ اس کے علاوہ واشنگٹن نے صیہونی رژیم کو اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ وہ حزب الله کو سرحدوں سے واپس بھجوانے کے لئے اسرائیل کی مدد کرے گا۔
خبر کا کوڈ: 1174808