QR CodeQR Code

لبنان کیساتھ جنگبندی کا معاہدہ حزب الله کو غیر مسلح کرنے سے مشروط ہے، صیہونی وزیر خارجہ

25 Nov 2024 20:17

اپنی ایک رپورٹ میں امریکی خبررساں ادارے آکسیوس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا حالیہ رویہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ جنگبندی میں سنجیدہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صیہونی وزیر خارجہ "یسرائیل کاٹس" نے کہا کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ "حزب‌ الله" کو غیر مسلح کرنے سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان اور مقبوضہ فلسطین کے بارڈر سے حزب‌ الله کی واپسی بھی معاہدے کا حصہ ہے۔ دوسری جانب صیہونی ریڈیو اور ٹی وی نے ایک اسرائیلی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ لبنان کے ساتھ سیز فائر کے لئے بہت زیادہ پیشرفت ہو چکی ہے اور اگر اس دوران کوئی تلخ حادثہ پیش نہ آیا تو آئندہ آنے والے دنوں میں جنگ بندی کا معاہدہ عمل میں آ جائے گا۔ اسی سلسلے میں گزشتہ شب صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا جس میں لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس کے بعد بعض ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اسرائیل لبنان کے ساتھ سیز فائر کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جس پر صیہونی وزیر داخلہ "ایتمار بن گویر" نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ ایک بڑی غلطی ہے اور یہ حزب‌ الله کو نابود کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے کے مترادف ہے۔

قبل ازیں امریکی خبررساں ایجنسی آکسیوس نے بعض اعلیٰ امریکی و صیہونی عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے بہت قریب ہیں۔ اس امریکی ادارے نے مزید کہا کہ اسرائیل کا حالیہ رویہ اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی میں سنجیدہ ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ واشنگٹن نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ وہ لبنان کی جانب سے کسی بھی خطرے کی صورت میں اسرائیل کے جوابی عسکری اقدام کی حمایت کی ضمانت دے گا۔ اس کے علاوہ واشنگٹن نے صیہونی رژیم کو اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ وہ حزب الله کو سرحدوں سے واپس بھجوانے کے لئے اسرائیل کی مدد کرے گا۔ دوسری جانب حزب‌ الله کی پولیٹیکل کونسل کے نائب سربراہ "محمود قماطی" نے "العربی" چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مقاومت، لبنان کی سرزمین پر دشمن کو باقی رہنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نتین یاہو جنگ کے ذریعے ہم پر اپنی شرائط مسلط نہیں کر سکتا اور اس بات کی گواہی، اتوار کو تل ابیب پر ہونے والے ہمارے بھاری میزائل حملے دے چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1174788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174788/لبنان-کیساتھ-جنگبندی-کا-معاہدہ-حزب-الله-کو-غیر-مسلح-کرنے-سے-مشروط-ہے-صیہونی-وزیر-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com