سنبھل میں مسجد معاملہ کو لیکر تشدد بی جے پی اور آر ایس ایس کی سازش ہے، کانگریس
25 Nov 2024 21:53
کانگریس نے اس واقعہ میں بی جے پی پر فرقہ وارانہ سیاست کا الزام لگایا اور کہا کہ پارٹی لیڈروں نے مذہب کے نام پر دو برادریوں کے درمیان دیوار کھڑی کرنے کی کوشش کی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس نے اترپردیش کے سنبھل علاقے میں پیش آئے تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے کہا کہ اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں کوئی محفوظ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سنبھل کے واقعہ میں مظاہرین پر سیدھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چار مسلمان شہید اور کئی افراد زخمی ہوئے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی سوچی سمجھی سازش ہے، جس کا مقصد مذہبی بنیادوں پر سماج میں انتشار پیدا کرنا اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ انتظامیہ کا کام امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے، لیکن بی جے پی اور آر ایس ایس کا ایجنڈا سماج کو تقسیم کرنا ہے۔ انہوں نے سنبھل واقعہ میں ہوئے تشدد کے لئے ریاستی حکومت اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
کانگریس نے اس واقعہ میں بی جے پی پر فرقہ وارانہ سیاست کا الزام لگایا اور کہا کہ پارٹی لیڈروں نے مذہب کے نام پر دو برادریوں کے درمیان دیوار کھڑی کرنے کی کوشش کی ہے۔ کانگریس نے اسے ایک منظم سازش قرار دیا، جس کا مقصد مبینہ طور پر سماج میں تقسیم پیدا کرنا ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت اپنے سیاسی مفادات کے لیے سماج میں فرقہ پرستی کا زہر پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو لے کر بی جے پی کا مقصد صرف ماحول کو خراب کرنا اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانا ہے۔ کانگریس نے بی جے پی سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ کانگریس نے کہا کہ ہم پوری ذمہ داری کے ساتھ کہتے ہیں کہ مرنے والوں کی جان آدتیہ ناتھ انتظامیہ نے لے لی ہے اور سنبھل میں بھائی چارے کو آگ لگانے کے لئے صرف بی جے پی و آر ایس ایس ذمہ دار ہے۔
پون کھیڑا نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت کے بیان کا بھی ذکر کیا کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تاریخ میں جو کچھ ہوا اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا پون کھیڑا نے سوال کیا کہ کیا آج کے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی بڑھانے کا مقصد صرف فرقہ واریت پھیلانا ہے۔ اس دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سماج میں امن اور اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو قانونی ذرائع کا سہارا لینا چاہیئے اور فرقہ واریت سے دور رہنا چاہیئے۔ کانگریس نے لوگوں سے سماج میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1174759