QR CodeQR Code

سنبھل میں مسجد معاملے کو لیکر بی جے پی نے تشدد کروایا ہے، اکھلیش یادو

25 Nov 2024 18:35

سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ یہ جان بوجھ کر جذبات کو بھڑکانے اور انتخابی دھاندلی پر بحث سے بچنے کیلئے کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں پارٹی، حکومت اور انتظامیہ نے انتخابی بد دیانتی سے توجہ ہٹانے کے لئے تشدد کا منصوبہ بنایا۔ لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس میں اکھلیش یادو نے کہا کہ سنبھل میں ایک سنگین واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے ٹیم کو جان بوجھ کر صبح روانہ کیا گیا تاکہ انتخابات کے بارے میں بات چیت میں خلل ڈالا جا سکے، ان کا مقصد افراتفری پھیلانا تھا تاکہ انتخابی معاملات پر کوئی بحث نہ ہو۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ میں قانونی یا طریقہ کار کے پہلوؤں میں نہیں جانا چاہتا، یہ جان بوجھ کر جذبات کو بھڑکانے اور انتخابی دھاندلی پر بحث سے بچنے کے لئے کیا گیا ہے۔ اترپردیش کے سابق وزیراعلٰی نے الزام لگایا کہ سنبھل میں جو کچھ ہوا اسے بی جے پی، حکومت اور انتظامیہ نے انتخابی بد دیانتی سے توجہ ہٹانے کے لئے ترتیب دیا تھا۔

اس دوران ضلع مجسٹریٹ راجیندر نے کہا کہ کچھ لوگوں نے پتھراؤ کیا لیکن حالات اب پُرامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پتھر بازی کے واقعہ کے سلسلے میں تقریباً 10 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے، ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اترپردیش کے پولیس سربراہ پرشانت کمار نے میڈیا کو بتایا کہ سنبھل میں حالات قابو میں ہیں، ہم ہر چیز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ تمام پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکار موقع پر صورتحال کو سنبھال رہے ہیں، وہ ان علاقوں میں گشت کر رہے ہیں۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) نے کہا کہ اس میں شامل لوگوں کی بہت جلد نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سماج وادی پارٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق نے پولیس کی اس پیشرفت پر اعتراض کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1174756

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174756/سنبھل-میں-مسجد-معاملے-کو-لیکر-بی-جے-پی-نے-تشدد-کروایا-ہے-اکھلیش-یادو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com