گلگت پولیس نے اینٹی ہراسمنٹ سکواڈ قائم کر دیا
25 Nov 2024 13:43
پولیس حکام کے مطابق اینٹی ہراسمنٹ اسکواڈ ایک محفوظ ماحول بنانے کی طرف ایک قدم ہے جہاں خواتین ہراساں کیے جانے کے خوف کے بغیر آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکیں۔
اسلام ٹائمز۔ گلگت شہر میں عوامی مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے کے بڑھتے واقعات سے نمٹنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس گلگت نے اینٹی ہراسمنٹ سکواڈ قائم کیا ہے۔ اینٹی ہراسمنٹ اسکواڈ گلگت شہر کے اسکولوں، کالجوں اور دیگر عوامی مقامات کے قریب خواتین اور لڑکیوں کو ہراساں کیے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کے لئے موثر اور مفید ہوگا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو نوجوان خواتین اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے ہراساں کرنے کے واقعات کے بارے میں متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں تعلیمی اداروں اور پرہجوم علاقوں کے ارد گرد رہنے والے افراد شامل ہیں۔ حکام نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اینٹی ہراسمنٹ اسکواڈ ایک محفوظ ماحول بنانے کی طرف ایک قدم ہے جہاں خواتین ہراساں کیے جانے کے خوف کے بغیر آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکیں۔
خبر کا کوڈ: 1174698