QR CodeQR Code

نئے ایرانی جوابی حملے کا عنديہ

مزاحمتی حملوں میں نئی وسعت کے باعث لبنان میں جنگ بندی قریب الوقوع ہے، صیہونی میڈیا

25 Nov 2024 13:03

اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ نئے ایرانی جوابی حملے عندیئے کے ساتھ ساتھ گذشتہ چند روز سے جاری وسیع ترین مزاحمتی حملوں میں ممکنہ مزید شدت کے پیش نظر نیتن یاہو نے لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے کیلئے گرین سگنل دیدیا ہے


اسلام ٹائمز۔ صیہونی میڈیا نے نئے ایرانی جوابی حملے (وعدہ صادق 3) کے عندیئے اور مزاحمتی محاذ کے حالیہ حملوں میں آنے والی نئی شدت کو جنگ بندی کے حوالے صیہونی رژیم کے موقف پر موثر قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط قریب الوقوع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آگاہ ذرائع سے نقل کرتے ہوئے اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے لئے امریکی ایلچی آموس ہوکسٹائن کے دورہ تل ابیب کے دوران غاصب صیہونی وزیراعظم نے لبنان میں جنگ بندی کا گرین سگنل دیتے ہوئے جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے کو کابینہ کی منظوری کے ساتھ مشروط کیا ہے۔

اس بارے عبرانی زبان کے اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کا بھی لکھنا ہے کہ جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے پر اختلاف بنیادی نوعیت کا نہیں لہذا اس معاہدے پر آئندہ چند دنوں میں دستخط متوقع ہیں۔

ادھر غاصب صیہونی فوج کے ساتھ منسلک اسرائیلی ملٹری ریڈیو نے بھی صیہونی حکام سے نقل کرتے ہوئے، لبنان میں جنگ بندی سے متعلق نیتن یاہو کے کسی بھی گرین سگنل کی تردید کی اور اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن، فریقین کے جواب اور باقی ماندہ چند ایک جزئی مسائل کے حل کا منتظر ہے۔

اس بارے عبرانی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے عرب چینل الجزیرہ کا بھی کہنا ہے کہ اتوار کی شام نتن یاہو کی سربراہی میں صیہونی حکام کا ایک سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا جس میں جنگ بندی کے بارے اختیار کیا گیا صیہونی موقف مثبت تھا۔


خبر کا کوڈ: 1174693

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174693/مزاحمتی-حملوں-میں-نئی-وسعت-کے-باعث-لبنان-جنگ-بندی-قریب-الوقوع-ہے-صیہونی-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com