QR CodeQR Code

تحریک انصاف کی فائنل کال فلاپ ہو گئی ہے، عظمیٰ بخاری

25 Nov 2024 12:36

لاہور میں نیوز کانفرنس میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کھنہ پل پر6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ امن اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے متضاد ہیں، جبکہ پنجاب اور لاہور میں کسی بھی جگہ قابل ذکر لوگ نظر نہیں آئے۔ تاہم خیبرپختونخوا سے کچھ لوگ جتھے کی صورت میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے کنٹینر پر خطاب کے دوران 4 لوگ تھے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی فائنل کال فلاپ ہو گئی ہے۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ ابھی سو رہا ہے اور ابھی تک پی ٹی آئی والوں کے دن کا آغاز نہیں ہوا۔ انقلاب لانے والے 11 بجے جاگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کہہ رہی تھیں کہ جلدی گاڑیوں میں بیٹھیں۔ کیا بشریٰ بی بی غیرسیاسی ہیں؟۔ عظمی بخاری نے کہا کہ پولیس نے پورے پنجاب سے 80 افراد کو گرفتار کیا اور جو کہتا ہے کہ آخری کال ہے نکلو اس کے قافلے میں 80 افراد نکلے ہیں۔ پی ٹی آئی کی فائنل کال فلاپ ہو گئی ہے اور پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کو ریلیف دینے کی کوششوں مصروف ہیں اور عوامی منصوبوں میں اور تیزی لائی جائے گی، کیا مارچ کرنے سے اڈیالہ جیل کے دروازے خود کھل جائیں گے؟ اور علیمہ خان کا دور دور تک کوئی پتہ نہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کھنہ پل پر6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ امن اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے متضاد ہیں، جبکہ پنجاب اور لاہور میں کسی بھی جگہ قابل ذکر لوگ نظر نہیں آئے۔ تاہم خیبرپختونخوا سے کچھ لوگ جتھے کی صورت میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے کنٹینر پر خطاب کے دوران 4 لوگ تھے۔ پی ٹی آئی رہنما کارکنوں کو نکالنے میں ناکام رہے ہیں۔ جبکہ زرتاج گل کیساتھ صرف ڈھائی سو لوگ باہر نکلے ہیں۔
 
صوبائی وزیر نے فوٹیج دکھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پولیس وین کو بھی جلا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارا چنار اور کرم میں 80 افراد شہید ہوئے، لیکن خیبر پختونخوا حکومت کہاں ہے؟ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو صرف مارچ کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بیلا روسی وفد پاکستان پہنچا ہے اور بیلاروسی وفد میں سرمایہ کار بھی ہیں، ایسی صورتحال میں احتجاج کرنا ملک کیخلاف دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔


خبر کا کوڈ: 1174689

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174689/تحریک-انصاف-کی-فائنل-کال-فلاپ-ہو-گئی-ہے-عظمی-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com