حزب اللہ کا تل ابیب میں اسرائیلی فوجی مرکز پر راکٹ حملہ، کئی صیہونی زخمی
25 Nov 2024 00:36
پولیس نے بتایا کہ تل ابیب کے مشرقی علاقے پیٹا ٹیکواہ میں کئی مقامات نشانہ بنے اور متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، ٹی وی کی فوٹیجز میں دکھایا گیا کہ مذکورہ علاقے میں ایک عمارت کو راکٹ لگنے سے نقصان پہنچا ہے اور گاڑیوں کو بھی جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بیروت پر حملوں کے ردعمل میں تل ابیب میں قائم اسرائیلی فوجی مرکز کو نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ کئی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ بیروت میں گزشتہ روز حملے میں 29 افراد شہید ہوئے تھے، جس کے ردعمل میں حزب اللہ نے بڑی تعداد میں راکٹ داغے جو تل ابیب میں ایک عمارت پر گرے۔ حزب اللہ نے بتایا کہ اس نے تل ابیب اور قریبی علاقے میں اسرائیلی فوج کے دو مراکز کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تل ابیب کے مشرقی علاقے پیٹا ٹیکواہ میں کئی مقامات نشانہ بنے اور متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، ٹی وی کی فوٹیجز میں دکھایا گیا کہ مذکورہ علاقے میں ایک عمارت کو راکٹ لگنے سے نقصان پہنچا ہے اور گاڑیوں کو بھی جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ حزب اللہ نے اتوار کو 170 سے زائد راکٹ برسائے ہیں، جن میں سے کئی کو ناکارہ بنایا گیا تاہم 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں اسرائیل نے ہفتے کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں متعدد مقامات پر حملے کیے تھے اور میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 29 افراد شہید ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اکتوبر 2023 میں شروع کی گئی جنگ کے بعد حزب اللہ کے ساتھ بھی جنگ چھیڑ رکھی ہے اور لبنان میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملوں اب تک 3 ہزار 754 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1174570