بانی پی ٹی آئی اگر معافی مانگ لیں تو بھی جرم تو ختم نہیں ہوگا، ناصر شاہ
24 Nov 2024 20:33
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کیا اس وقت خیبر پختونخوا پر امن ہے؟ کے پی حکومت کا کام ہے کہ اپنے لوگوں کی حفاظت کرے، ہر بار کے پی کے وسائل لے کر اسلام آباد جاتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اگر معافی مانگ لیں تو بھی جرم تو ختم نہیں ہوگا، مگر ان کی معافی سے ایک سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایسی خبریں چلائی جاتی ہیں کہ ماحول کشیدہ ہے، یہاں سے اچھی خبریں آتی ہیں، اس کا کریڈٹ ذوالفقار علی شاہ کو جاتا ہے، پی پی پُرامن احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔ وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی جلاؤ گھیراؤ کرتی ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلان میں بھی ایسا ہی ہوا، ان کا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں، یہ عدالتوں کا کام ہے، ایک کیس میں ریلیف بھی ملا ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء عدالت میں دفاع کرنے کے بجائے میڈیا میں رہتے ہیں، یہ وکلاء میڈیا میں صرف خود کو پروموٹ کرتے ہیں، وہ اپنے موکل سے انصاف نہیں کر رہے، کیس ٹھیک نہیں لڑ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگر غلطی مان لیں تو اس میں کیا حرج ہے، شہیدوں کی نشانیوں کی بےحرمتی کی گئی ہے، دنیا بھر میں قیادتیں گرفتار ہوتی ہے، پی ٹی آئی امن کے دھارے میں رہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ یہ خود 2018ء میں آر ٹی ایس کے ذریعے آئے، پی ٹی آئی کی حکومت میں 23 کے قریب ضمنی انتخابات ہوئے، ڈسکہ کی مثال آپ کے سامنے ہے، یہ ان کی کارکردگی ہے، حیدرآباد سے اوباڑو تک یہ ہمیں کہیں نظر نہیں آئے۔
خبر کا کوڈ: 1174535