حماس کا دفتر ترکیہ منتقل نہیں ہوا، ترکش وزیر خارجہ
24 Nov 2024 19:36
صحافیوں سے اپنی ایک گفتگو میں ھاکان فیدان کا کہنا تھا کہ حماس نے ترکیہ میں اپنا دفتر منتقل نہیں کیا تاہم یہ بات واضح ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ جاتے جاتے حماس پر بہت زیادہ دباؤ ڈال رہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ "هاکان فیدان" نے ایسی خبروں کی تردید کر دی جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" اپنا دفتر ترکیہ منتقل کر رہی ہے۔ هاکان فیدان نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ حماس نے ترکیہ میں اپنا دفتر منتقل کیا ہے تاہم یہ بات واضح ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ جاتے جاتے حماس پر بہت زیادہ دباؤ ڈال رہی ہے۔ واضح رہے کہ بعض اسرائیلی نیوز چینلز نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس نے اپنا پولیٹیکل آفس قطر سے ترکیہ منتقل کر لیا ہے۔ جس پر ردعمل دیتے ہوئے قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ حماس کے مذاکرات کار مختلف ممالک کے دوروں پر ہیں اور فی الحال قطر میں موجود نہیں۔ اسی تناظر میں ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شاید امریکی حکام جنگ بندی، امن معاہدے یا پھر صیہونی قیدیوں کی رہائی میں پیشرفت کے خواہاں ہیں تاہم جنگ بندی کے لئے امریکہ نے جو نئی تجاویز پیش کی ہیں وہ حماس کی پہلے سے پیش کردہ تجاویز سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
خبر کا کوڈ: 1174528