سید ساجد حسین شاہ شیعہ علماءکونسل وسطی پنجاب کے صدر منتخب
مرکزی نائب صدر علامہ سبطین سبزواری نے نو منتخب صدر سے عہدے کا حلف لیا
24 Nov 2024 13:13
سید ساجد حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا شیعہ علماء کونسل الٰہی تنظیم ہے، جس کی قیادت نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور قومی وقار کیلئے جدوجہد کی ہے۔ اس تنظیم کی جڑوں میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی سمیت ہزاروں شہدا کا خون ہے۔ انہوں نے کہا وہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ پرانے طریقے چھوڑ کر تنظیم کو جدید طریقے سے چلائیں گے۔ جس کیلئے سینیرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ صوبائی کونسل کے ارکان نے کثرت رائے سے سید ساجد حسین شاہ کو صوبائی صدر منتخب کر لیا۔ صوبائی کونسل کا اجلاس جامعہ منہاج الحسین جوہر ٹاون میں منعقد ہوا۔ جس میں الیکشن کمیشن کے فرائض مرکزی نائب صدر معظم علی بلوچ نے سر انجام دیے۔ وسطی پنجاب کی صدارت کیلئے 10 نومبر کو فیصل آباد میں ہونیوالے انتخاب کے پہلے مرحلے کے بعد ساجد حسین شاہ اور قاسم علی قاسمی امیدوار تھے۔ مرکزی نائب صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے نو منتخب صدر سے حلف لیا۔ جس کے بعد سید ساجد حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا شیعہ علماء کونسل الٰہی تنظیم ہے، جس کی قیادت نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور قومی وقار کیلئے جدوجہد کی ہے۔ اس تنظیم کی جڑوں میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی سمیت ہزاروں شہدا کا خون ہے۔
انہوں نے کہا وہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ پرانے طریقے چھوڑ کر تنظیم کو جدید طریقے سے چلائیں گے۔ جس کیلئے سینیرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ علامہ سبطین سبزواری نے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن کسی کی ہار یا جیت نہیں، سب ملی امور میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ کی پالیسیوں کے مطابق عوام کی خدمت کریں اور قیادت کے دست و بازو بنیں۔ عہدہ کچھ نہیں اصل ذمہ داری عہدے کے تقاضے پورے کرنا ہے۔ قاسم علی قاسمی نے نو منتخب صدر کو ہار پہنایا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے دستور کے مطابق انتخابات میں ساجد حسین شاہ کا انتخاب خوش آئند ہے، وہ وسطی پنجاب میں قائد ملت جعفریہ کے نمائندے ہوںگے، ہم ان کے ساتھ چلیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1174469