QR CodeQR Code

بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین، انسانی حقوق کے اداروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دے، حریت کانفرنس

24 Nov 2024 12:34

ایڈوکیٹ منہاس کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں اور بلاجواز گرفتاریوں سے امن اور حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھل جاتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حالات معمول پر لانے کے مودی حکومت کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قابض فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں ان دعوئوں کی نفی کرتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی حکومت بھاری تعداد میں فوجیوں کی موجودگی اور جابرانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی آوازیں خاموش کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں اور بلاجواز گرفتاریوں سے امن اور حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت جموں و کشمیر پر اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کے لیے حقیقت کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے غیر قانونی نظربندیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر کالے قوانین کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو بزورطاقت دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ جموں و کشمیر اور جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیری عوام کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے مبصرین اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دے۔ 


خبر کا کوڈ: 1174463

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174463/بھارت-اقوام-متحدہ-کے-مبصرین-انسانی-حقوق-اداروں-کو-مقبوضہ-کشمیر-کا-دورہ-کرنے-کی-اجازت-دے-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com