آزاد کشمیر میں سینئر قائدین و کارکنان کے گھروں پر پولیس چھاپوں کی مذمت
24 Nov 2024 09:34
سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں اور چھاپے ہمارے کارکنان کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔
اسلام ٹائمز۔ صدر تحریک انصاف آزااد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر میں سینئر قائدین و کارکنان کے گھروں پر پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ آزاد کشمیر پولیس کل رات سے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے، قائد پاکستان عمران خان کی کال پر ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔ ایک بیان میں سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ گرفتاریاں اور چھاپے ہمارے کارکنان کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، حکومتی فسطائیت ریاست کے ماحول کو مزید خراب کر رہی ہے، پاکستان و آزاد کشمیر میں رول آف لا کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، انوار سرکار ہوش کے ناخن لے۔
خبر کا کوڈ: 1174437