مودی حکومت میڈیا مہم کے ذریعے محمد یاسین ملک کو ایک خطرناک دہشت گرد کے طور پر پیش کر رہی ہے، لبریشن فرنٹ
24 Nov 2024 09:02
رفیق ڈار نے ایک بیان میں بھارتی سپریم کورٹ کے ڈویژن بنچ کی طرف سے پیش کی گئی ایک تجویز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی منتقلی اور دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے اندر ایک علیحدہ کمرہ عدالت کے قیام سے بھارتی حکومت کو ایک بار پھر ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کرنے کا موقع فراہم ہو گا۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت انتہا پسند بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر نظربند آزادی پسند سیاسی رہنما اور پارٹی چیئرمین محمد یاسین پر دہشت گردی کا لیبل لگانے کے اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو پورا کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے ایک بیان میں بھارتی سپریم کورٹ کے ڈویژن بنچ کی طرف سے پیش کی گئی ایک تجویز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی منتقلی اور دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے اندر ایک علیحدہ کمرہ عدالت کے قیام سے بھارتی حکومت کو ایک بار پھر ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کرنے کا موقع فراہم ہو گا۔ انہوں نے اس تجویز کو یاسین ملک کو غیر قانونی اور غیر منصفانہ طورپر سزا دینے کے لیے بھارتی حکومت اور اس کی ایجنسیوں کو کھلی چھوٹ دینے کے مترادف قرار دیا جس طرح 25مئی 2022ء کو این آئی اے کی طرف سے دائر کردہ من گھڑت مقدمے میں انہیں سزا دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک جیسے پرامن سیاسی رہنما ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے اور گواہوں پر جرح کرنے کا اپنا حق پورا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت مضحکہ خیز طریقے سے میڈیا مہم کے ذریعے محمد یاسین ملک کو ایک خطرناک دہشت گرد کے طور پر پیش کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1174435