میئر کراچی کا کچرا پھیلانے والوں کو 3 سال قید اور جرمانے کا عندیہ
23 Nov 2024 19:20
مرتضیٰ وہاب نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے دور میں کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں کی حالت بدتر ہوئی، جبکہ جماعت اسلامی نے ضلع وسطی میں امراض قلب اسپتال کی تجویز کو سیاست کی نذر کر دیا۔
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں کچرا پھیلانے والوں کیخلاف سخت انتظامات کا عندیہ دے دیا۔ عباسی شہید اسپتال کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچرا پھیلانے والوں کو 3 سال قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر شہر کی صفائی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دور میں کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں کی حالت بدتر ہوئی، جبکہ جماعت اسلامی نے ضلع وسطی میں امراض قلب اسپتال کی تجویز کو سیاست کی نذر کر دیا۔ عباسی شہید اسپتال کی 50 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسپتال میں گولڈن جوبلی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر اسپتال میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ، لیبس، ڈینٹل او پی ڈی اور مردہ خانے کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ سی ٹی اسکین اور میموگرافی بھی شروع کردی گئی جس کی افتتاحی تقریب میں میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ: 1174364