پاراچنار میں شیعہ مسلمانوں پر دہشتگردانہ حملہ ملی المیہ ہے، آغا سید حسن موسوی
23 Nov 2024 21:18
انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ شیعیانِ پاکستان کی یہ حالت زار قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورِ پاکستان کے سراسر منافی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی نے مرکزی جامع مسجد بڈگام میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں پاراچنار پاکستان میں شیعہ مسلمانوں پر بدترین دہشتگردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ آغا سید حسن موسوی الصفوی نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے لیکر آج تک پاکستان کے شیعہ مذہب نے ہر قسم کے حالات میں حب الوطنی اور امن پسندی کی ایک مثال قائم کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی عدم توجہی اور مسلکی انتہا پسندی کی بدترین مار جھیلنے کے باوجود شیعیانِ پاکستان نے اپنی حب الوطنی پر کوئی حرف آنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسلمہ حقیقت کے باوجود حکومت پاکستان وہاں کی شیعہ قوم کو کوئی تحفظ فراہم نہ کرسکی۔
آغا سید حسن موسوی نے مزید کہا کہ شیعیانِ پاکستان کی یہ حالت زار قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورِ پاکستان کے سراسر منافی ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں دہشتگرد تنظیمیں شیعہ مسلمانوں کو اپنے گھروں اور علاقوں سے بے دخل ہونے کے لئے واضح دھمکیاں دے رہی ہیں اور حکومت پاکستان اس حب الوطن قوم کے تحفظ کے لئے کسی مؤثر حکمت عملی اپنانے سے قاصر نظر آرہی ہے۔ جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ اس واقعے سے یہ حقیقت آشکار ہوگئی ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف منظم اور جرأت مندانہ کاروائی کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ: 1174359