اقوام عالم مجرمانہ خاموشی توڑ کر پاراچنار کے مظلوم عوام کو انصاف دلوائیں، عاشق حسین خان
23 Nov 2024 18:41
عاشق حسین خان نے کہا کہ پاراچنار کے شیعیان حیدر کرار کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت پاکستان مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے جو دلسوز سانحات کے بعد مذمتی بیان جاری کرکے معاملے کو گول مول کرتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ شیعہ فیڈریشن جموں نے پاراچنار میں شیعہ نسل کشی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے اپنے مذمتی بیان میں اس بزدلانہ کارروائی اور قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا بہت بڑا المیہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے شیرخوار بچے کی شہادت حکومت پاکستان کے ماتھے پر بدنما دھبہ رہ گیا ہے جنہوں نے آج تک پاراچنار کے دسیوں ہزار کا ایک بھی قاتل کیفر کردار تک نہیں پہنچایا۔ عاشق حسین خان نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی، سماجی، مذہبی لیڈروں کو چن چن کر جیلوں میں بند کیا جارہا ہے لیکن دہشتگردار اور دسیوں ہزار معصوم عوام کے قاتلوں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے جو آوارہ اور بلاخوف گھوم کر معصوم عوام خاص طور پر خواتین و بچوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
عاشق حسین خان نے کہا کہ پاراچنار کے شیعیان حیدر کرار کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت پاکستان مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے جو دلسوز سانحات کے بعد مذمتی بیان جاری کرکے معاملے کو گول مول کرتے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کے ان دعویداروں کی مجرمانہ خاموشی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے معصوم عوام ایک طویل عرصے سے انصاف کے طلبگار ہیں لیکن اس مظلوم قوم کی آواز کو اجاگر کرنے کے بجائے دبایا جارہا ہے۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مجرمانہ خاموشی توڑ کر پاراچنار میں دہشتگردوں کی درندگی روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں اور ان کو انصاف دلاکر قاتلوں اور ان کے آقاؤں کو قرار واقعی سزا دلوائیں۔ عاشق حسین خان نے شہداء پاراچنار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی اور تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات، زخمیوں کی مکمل صحتیابی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا کیا۔
خبر کا کوڈ: 1174351