عدالتی حکم کیوجہ سے کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے، محسن نقوی
23 Nov 2024 16:04
وفاقی وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی قیادت کو بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلی سطح کے 80 رکنی وفد کی مصروفیات و تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتی حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلی سطح کے 80 رکنی وفد کی مصروفیات و تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کا اعلی سطح کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے، بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے اور وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔ بعدازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
خبر کا کوڈ: 1174335