اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور کے تمام بس اڈے بند کر دیئے ہیں۔ سرکاری بس اڈوں میں لاری اڈا، سٹی بس ٹرمینل، جناح ٹرمینل، رائیونڈ بس ٹرمینل بند کئے گئے ہیں۔ پرائیویٹ بس اڈوں میں بند روڈ پر نیازی ایکسپریس، نیازی 99، سکائی ویز، عبداللہ ٹرمینل، روڈ ماسٹر ٹرمینل، ڈاوو بس ٹرمینل بھی بند کئے گئے ہیں۔ لاہور سے دوسرے شہروں میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 67سو گاڑیاں جاتی ہیں، لاہور سے دوسرے شہروں میں تقریباً پانچ سے چھ لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ تمام بس اڈے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، آج تقریباً شہر لاہور کے بس اڈوں سے پانچ سے چھ لاکھ مسافر خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔ لاری اڈوں کی بندش کے بعد ریلوے سٹیشن پر رش بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے تمام ٹرینوں میں بکنگ کروا رکھی ہے جبکہ ریلوے سٹیشن پر بھی شدید رش دکھائی دے رہا ہے۔ اتوار کی چھٹی کے بعد دوسرے شہروں میں جانیوالوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔