اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل
23 Nov 2024 12:24
کے آئی آئی آر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جبر و تشدد کو روکنے کیلئے بھارتی حکومت پر دباﺅ ڈالیں۔
اسلام ٹائمز۔ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (کے آئی آئی آر) نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو ایک اپیل جاری کی ہے جس میں ان کی توجہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سیاسی جبر اور غیر قانونی طور پر جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ”کے آئی آئی آر“ کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اسلام آباد سے بھیجے گئے ایک خط میں مقبوضہ علاقے میں آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ، یو اے پی اور پی ایس اے جیسے کالے قوانین کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت نے حریت رہنماﺅں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی اور دیگر حریت رہنماﺅں، انسانی حقوق کے محافظوں اور صحافیوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے تسلیم شدہ اپنا پیدائشی حق، حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ نظربندوں کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا جبکہ انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر نظربندوں کو دور دراز کی بھارتی جیلوں میں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کو ان سے ملاقات کیلئے شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اپیل میں انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز اور صحافیوں عرفان معراج اور سجاد گل کو درپیش جبر پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ کے آئی آئی آر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جبر و تشدد کو روکنے کیلئے بھارتی حکومت پر دباﺅ ڈالیں۔
خبر کا کوڈ: 1174273