پاراچنار کے مظلوموں نے شہدائے کربلا کی یادیں تازہ کردی ہیں، متحدہ علماء محاذ
23 Nov 2024 00:41
ایک بیان میں جید علماء مشائخ نے کہا کہ پاراچنار کرم ایجنسی میں مسلسل شیعہ و سنی عوام کا مشترکہ قاتل ہاتھ تلاش کرنا ہوگا، متحدہ علماء محاذ کا وفد امن و اتحاد کے قیام اورت شہداء کے لواحقین سے تعزیت کیلئے پاراچنار کا دورہ کرے گا۔
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے غیر سیاسی اعتدال پسند صلح جو جید علماء مشائخ نے سانحہ پاراچنار میں مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ سے 100 سے زائد افراد کی شہادت اور درجنوں کے شدید زخمی ہونے کے المناک واقعہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن دہشت گردوں نے پاراچنار میں کربلا میں یزیدی مظالم کی یادیں تازہ کردی ہیں، ناگہانی قتل ناحق خواہ کسی کا بھی ہو ناقابل معافی سنگین جرم و دہشت گردی ہے اور قاتل و دہشت گرد کو بلاامتیاز رنگ و مسلک اس کے جرم کی سزا ضرور ملنی چاہیئے، انسانی جانوں سے کھیلنے والے مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں، دہشت گردوں نے ضلع کرم پاراچنار میں گھات لگا کر خودکار ہتھیاروں سے 27 خواتین 17 نو عمر بچوں سمیت 6 ماہ کے معصوم بچے کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار کرم ایجنسی میں مسلسل شیعہ و سنی عوام کا مشترکہ قاتل ہاتھ تلاش کرنا ہوگا، استعمار کے خلاف وحدت ضروری ہے، سانحہ پاراچنار حکومت کیلئے کھلا چیلنج اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاراچنار میں مستقل پائیدار قیام امن کیلئے وفاقی حکومت بلاامتیاز رنگ و مسلک دہشتگردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزائیں دے اور قیام امن کو یقینی بنائے، اسلام و پاکستان کے دشمن استعمار کے ایجنٹ و آلہ کار شیعہ سنی کے نام پر فرقہ واریت، دہشت گردی، مذہبی منافرت کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ علماء محاذ پاکستان پاراچنار کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہے، پاراچنار کی عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی، ناانصافی کے خلاف اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار اداکرتے رہیں گے، متحدہ علماء محاذ کا وفد امن و اتحاد کے قیام، شہداء کے لواحقین سے تعزیت کیلئے پاراچنار کا دورہ کرے گا۔
خبر کا کوڈ: 1174208