QR CodeQR Code

آئین میں ترامیم کرکے گلگت بلتستان کو خودمختار صوبہ بنانا چاہیئے، فاروق ستار

22 Nov 2024 23:32

گلگت بلتستان کے وزیرِاعلیٰ کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفننگ دیتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں ہر شہری کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، اس ہی طرح گلگت بلتستان کے عوام کو بھی برابری کے حقوق ملنا چاہیئے، قومی مالیاتی کمیشن میں بھی گلگت بلتستان کے عوام کا بھی حصہ ہونا چاہیئے.


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر گلگت بلتستان کے وزیرِاعلیٰ حاجی گلبر خان کی وفد کے ہمراہ آمد چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و دیگر سے ملاقات۔ وفد میں صوبائی وزراء حسین شاہ اور رحمت خلق شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے نسرین جلیل، ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق، قائد حزب اختلاف برائے سندھ اسمبلی علی خورشیدی و دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے بعد سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیرِاعلیٰ کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلی گلبر خان اور انکے وزراء کو ایم کیو ایم کے مرکز پر خوش آمدید کرتے ہیں، بہت اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی، زندگی کے تمام معاملات میں گلگت بلتستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئین میں ترامیم کا مسودہ تیار کرنا چاہیئے اور اس کو بھی خود مختار صوبہ بنانا چاہیئے، ستائیسویں آئینی ترمیم میں ایم کیو ایم ساتھ ہے، پاکستان کے آئین میں ہماری وفاقی اکائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں ہر شہری کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، اس ہی طرح گلگت بلتستان کے عوام کو بھی برابری کے حقوق ملنا چاہیئے، قومی مالیاتی کمیشن میں بھی گلگت بلتستان کے عوام کا بھی حصہ ہونا چاہیئے، جب آزاد کشمیر کا بھی ہم خیال رکھتے ہیں تو گلگت بلتستان کے عوام کو بھی نظر انداز نہیں کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی ہے اس پر بھی بات ہوئی ہے اور ایم کیو ایم اس پر خصوصی توجہ دے گی۔

وزیرِ اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئین میں ترمیم کے حوالے سے ڈاکٹر فاروق ستار نے بہت اچھی بات کی ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ جس طرح پاکستان کے دوسرے صوبوں کو حقوق مل رہے ہیں اس ہی طرح ہمیں بھی حقوق ملنا چاہیئے۔ وزیرِ اعلی گلبر خان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مشکور ہیں کہ انھوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی ترجمانی کی، ہمارے رابطے مسلسل جاری رہیں گے اور مستقبل میں بھی مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر اراکین مرکزی کمیٹی بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 1174194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174194/آئین-میں-ترامیم-کرکے-گلگت-بلتستان-کو-خودمختار-صوبہ-بنانا-چاہیئے-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com