QR CodeQR Code

کرم واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، ڈاکٹر راغب نعیمی

22 Nov 2024 20:58

لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے، سکیورٹی فورسز کی شہادتیں ملک و مِلت کیلئے عظیم قربانیاں ہیں، عوام کے جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی سے نجات دِلانے کے لیے قومی ایکشن پلان پر ازسرِنو قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ کرم واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے تاکہ عوام بلاخوف و خطر اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ سکیورٹی فورسز کی شہادتیں ملک و مِلت کیلئے عظیم قربانیاں ہیں۔ بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانیوالے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متفقہ قومی لائحہ عمل طے کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی سے نجات دِلانے کے لیے قومی ایکشن پلان پر ازسرِنو قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالی ضلع کرم میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔ فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔


خبر کا کوڈ: 1174157

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1174157/کرم-واقعہ-میں-ملوث-ملزمان-کو-کیفرکردار-تک-پہنچایا-جائے-ڈاکٹر-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com