پارا چنار میں بے گناہ انسانی جانوں کی ضیاع پر دلی افسوس ہوا، خرم نواز گنڈاپور
22 Nov 2024 20:17
پی اے ٹی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ واقعہ انسانیت کیخلاف سنگین جرم اور امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہے، اس بزدلانہ حملے کو ناقابل معافی قرار دیتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف قبائلی علاقے کے عوام کیلئے سانحہ ہے بلکہ پورے ملک کیلئے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر کیے جانیوالے سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہوا ہے۔ واقعہ انسانیت کیخلاف سنگین جرم اور امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہے، اس بزدلانہ حملے کو ناقابل معافی قرار دیتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف قبائلی علاقے کے عوام کیلئے سانحہ ہے بلکہ پورے ملک کیلئے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حملے ہماری قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کی سازش ہیں، جسے ناکام بنانا ہر شہری کا فرض ہے۔
انہوں ںے کہا کہ دہشتگردی انسانیت کیخلاف سب سے بڑا جرم ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے علاقے میں سیکیورٹی کے نظام کو مؤثر بنائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی طور قابل قبول نہیں۔ متاثرہ خاندانوں کیلئے دعاگو ہیں کہ اللہ ان کو صبر عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب ہو۔
خبر کا کوڈ: 1174155