QR Code
محسوس ہوتا ہے کہ سکیورٹی اداروں سے زیادہ دہشتگرد طاقتور ہیں، اشرف صدا
22 Nov 2024 15:58
نون گلگت بلتستان کے ترجمان نے کہا کہ سانحہ پاراچنار نے انسانیت کی روح کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ ہم اس المناک واقعے کی نہ صرف پرزور مذمت کرتے ہیں بلکہ ملوث زمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے اور آئندہ ایسے واقعات کی بروقت روک تھام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ ترجمان مسلم لیگ نون گلگت بلتستان و سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد اشرف صدا نے کہا ہے کہ سانحہ پارہ چنار ملکی سلامتی پر حملہ ہے، بے گناہ مسافروں کا قتل عام انسانیت اور قانون کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔ آئے روز کی دہشت گردی ملکی سلامتی کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔ گنڈا پوری حکومت مکمل ناکام ہو چکی، حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ بے گناہ مسافروں کے شہادت سے پورا ملک ہل کر رہ گیا ہے۔ اور ملک کی اہل تشیع برادری شدید برہم و عدم تحفظ کا اظہار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر اس درندگی سے اک ہی فرقہ متاثر ہوا ہے لیکن ہم اسے حملے کو ملکی سلامتی اور تمام پاکستانیوں پر حملہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے پر ہم سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے کہ یہ صوبائی حکومت کی ناکامی ہے یا وفاق کی ؟ ہم سمجھتے ہیں کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، مسلح افواج اور تمام سکیورٹی کے ادارے مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کریں اور اس طرح کے قبیح واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ مذہب کے نام پر ملکی سلامتی سے کھلواڑ گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور اس کھلواڑ نے وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اک طرف روزانہ کی بنیاد پر مسلح افواج کے آفیسران اور جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف عام بے گناہ افراد شہید ہو رہے ہیں۔ کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وطن عزیز میں سکیورٹی اداروں سے زیادہ دہشت گرد طاقتور ہیں۔
انہوں نےکہا کہ لگتا ہے کہ ملک کو اک بار بھر سے فرقہ واریت اور دہشت گردی کی آگ میں دھکیلنے کی سازش ہو رہی ہے تاہم ہمارا یقین اور ایمان ہے کہ ریاست اک بار پھر ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ بحیثیت قوم ہمیں دشمنوں کے ارادوں اور سازشوں کو بھانپتے ہوئے ملی اتحاد و یکجہتی و صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور ملکی سلامتی و استحکام اور باہمی اخوت و بھائی چارگی کے لیے متحد رہنا ہو گا۔ کیونکہ قومی و ملی تقسیم کا فائدہ ہمیشہ مشترکہ دشمن اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ پاراچنار نے انسانیت کی روح کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ ہم اس المناک واقعے کی نہ صرف پرزور مذمت کرتے ہیں بلکہ ملوث زمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے اور آئندہ ایسے واقعات کی بروقت روک تھام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1174108
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com