غزہ پر حماس کی حکومت باقی نہیں رہنے دینگے، نیتن یاہو
20 Nov 2024 20:14
منگل کے روز غزہ میں اسرائیلی فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صیہونی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور اسکی فوج کی مسلسل کوشش ہے کہ حماس کی قید میں باقی رہ گئے 101 قیدیوں کی رہائی کیلئے تلاش کی جائے اور پتہ چلایا جائے کہ وہ کہاں رکھے گئے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ پر حماس کی حکومت باقی نہیں رہنے دیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے منگل کے روز غزہ میں اسرائیلی فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ رکنے کے بعد غزہ کی پٹی پر اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہاں حماس کی حکومت نہ رہے، اسی لیے حماس کے عسکری ونگ کی جنگی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا اور سارا انفراسٹرکچر تباہ کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اسرائیل اور اس کی فوج کی مسلسل کوشش ہے کہ حماس کی قید میں باقی رہ گئے 101 قیدیوں کی رہائی کیلئے تلاش کی جائے اور پتہ چلایا جائے کہ وہ کہاں رکھے گئے ہیں۔
نیتن یاہو نے اپنے فوجیوں کو انعام کی رقم کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ جو ایک قیدی کو واپس لائے گا، اس کے بدلے اسے پانچ ملین ڈالر انعام دیا جائے گا جبکہ فلسطینیوں میں سے جو کوئی ہمارے ایک قیدی کو رہا کرانے میں مدد دے گا کہ قیدی اپنے گھر تک بحفاظت پہنچ جائے، اسے اور اس کے خاندان کو غزہ سے محفوظ نکل جانے کی اجازت دے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہمارے قیدی کو تکلیف پہنچائے گا یا جس کے ہاتھ قیدیوں کے خون سے رنگے ہوں گے، ہم اس کا شکار کریں گے اور اس تک پہنچ جائیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورے کے موقع پر اسرائیلی فوج کے سربراہ بھی موجود تھے، جنہوں نے نیتن یاہو کو غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ: 1173787