کراچی کی سڑکوں پر کچرا پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی اور جُرمانے کا فیصلہ
18 Nov 2024 22:16
شہر کے ایسے مقامات جہاں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، اس کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث صفائی ستھرائی کے مسائل درپیش ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کی تیاریاں کرلی، سڑکوں اور شاہراہوں پر کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور اس حوالے سے بڑھتی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کو اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے۔ میئر کراچی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن خلیق الرحمٰن نے ایک آرڈر کے ذریعے تمام میونسپل انسپکٹرز کو شہر میں کچرا پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے اور اس حوالے سے پہلے مرحلے میں شہر کے کمرشل اور انڈسٹریل زون کا سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
شہر کے ایسے مقامات جہاں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، اس کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث صفائی ستھرائی کے مسائل درپیش ہیں۔ محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن نے شہر کے اہم علاقے ضلع جنوبی سے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ شہر کے مصروف کاروباری علاقوں، ریستورانوں اور مارکیٹوں کا سروے شروع کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ان علاقوں میں موجود کچرا کنڈیوں اور کوڑے دانوں سے بروقت کچرا اٹھایا جا رہا ہے یا نہیں، اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں، دکانداروں اور مارکیٹوں کی یونینوں کو کچرا کوڑے دانوں میں ڈالنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1173362