نیا گریڈنگ سسٹم، میٹرک اور انٹر میں گریس مارکس 5 کرنے کی منظوری
18 Nov 2024 22:02
گریس مارکس زیادہ سے زیادہ دو مضامین میں مجموعی طور پر دیئے جا سکیں گے، تاہم کسی تیسرے مضمون میں امیدوار کے فیل ہونے کی صورت میں تیسرے مضمون پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں مشترکہ امتحانی قواعد کی تشکیل کے حوالے سے قائم ادارے آئی بی سی سی (انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن) نے نئے گریڈنگ فارمولے کے ضمن میں گریس مارکس 3 سے بڑھا کر 5 کر دیئے ہیں، اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں میٹرک اور انٹر کے امتحانی نتائج پر 2025ء کے امتحانات سے ہی کیا جائے گا۔ اس بات کی منظوری پیر کو ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کے منعقدہ دو روزہ اجلاس کے پہلے دن دی گئی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی غلام علی ملاح اور چاروں صوبوں کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں اور تعلیمی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مذکورہ ادارے کی جانب سے میٹرک اور انٹر کی سطح پر گریس مارکس 7 نمبروں تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی، تاہم اجلاس کے شرکاء کی اکثریت اس پر راضی نہیں تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ گریس مارکس 3 سے بڑھا کر 5 کر دیئے جائیں۔ یہ گریس مارکس زیادہ سے زیادہ دو مضامین میں مجموعی طور پر دیئے جا سکیں گے، تاہم کسی تیسرے مضمون میں امیدوار کے فیل ہونے کی صورت میں تیسرے مضمون پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ مذکورہ فیصلہ ملک بھر میں پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کئے جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے، جو نئی گریڈنگ پالیسی کے طور پر نافذ ہوگا۔
خبر کا کوڈ: 1173352