اس بار پختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا تہیہ کر رکھا ہے، بیرسٹر سیف
18 Nov 2024 20:43
کے پی کے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے پورا بندوبست کیا گیا ہے، جعلی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے۔
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اس بار خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے پورا بندوبست کیا گیا ہے، جعلی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے، اس بار بھی پہنچیں گے۔ کنٹینرز عوام کے جوش و جذبے کے سامنے ریت کی دیواریں ثابت ہوں گے۔ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اس بار خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا مکمل تہیہ کررکھا ہے۔ اس بار مطالبات کی منظوری تک واپسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کو نکال کر مینڈیٹ کو واپس کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ: 1173336