QR CodeQR Code

خادم حسین رضوی کے عرس کی تین روزہ تقریبات کل سے شروع ہونگی

18 Nov 2024 20:05

ترجمان تحریک لبیک پاکستان کے مطابق عرس کی تقریبات کا مقصد خادم حسین رضوی کے افکار کو عوام تک پہنچانا ہے، تین روزہ عرس کی تقریبات میں بین الاقوامی و قومی سطح کی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے، خادم حسین رضوی کی آواز اور تصویر کو دبانے اور مٹانے کی کوشش کی گئی، خادم حسین رضوی کا نظریہ تھا کہ ہر ممکن دستیاب پلیٹ فارم پر دین کو تخت پہ لانے کی بات کی جائے، عرس کی تقریبات میں بھی دین کو تخت پہ لانے کی بات کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ بانی تحریک لبیک پاکستان علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے چوتھے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز 19 نومبر بروز منگل مزار پر چادر پوشی سے ہوگا، عرس کی تین روزہ تقریبات 19 نومبر بروز منگل سے شروع ہو کر 21 نومبر بروز جمعرات تک جاری رہینگی۔ عرس کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔ عرس کے موقع پر تیسرے روز لبیک یا اقصیٰ و شہدائے ناموس رسالت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس سے سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی سمیت اراکین مجلس شوریٰ، نامور مذہبی سکالر اور علماء و مشائخ خطاب کرینگے۔ ترجمان تحریک لبیک پاکستان نے کہا کہ عرس کی تقریبات اپنے شیڈول کے مطابق تین دن تک جاری رہیں گی۔ عرس کی تقریبات کا مقصد خادم حسین رضوی کے افکار کو عوام تک پہنچانا ہے۔

تین روزہ عرس کی تقریبات میں بین الاقوامی و قومی سطح کی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ خادم حسین رضوی کی آواز اور تصویر کو دبانے اور مٹانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عرس میں آنے والے لاکھوں لوگوں کے کھانے اور رہنے کیلئے انتظامات کیے گئے۔ ترجمان ٹی ایل پی کا مزید کہنا تھا کہ علامہ خادم حسین رضوی کا نظریہ تھا کہ ہر ممکن دستیاب پلیٹ فارم پر دین کو تخت پہ لانے کی بات کی جائے، اس نظریے پر عمل کرتے ہوئے ہم ان کے عرس کی تقریب میں بھی دین کو تخت پہ لانے کی بات کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک پر ٹرانسجینڈر سیاستدانوں کا راج ہے۔ عمران خان سمیت آج تک جتنی بھی حکومتیں آئیں سب امپورٹڈ ہیں۔ مہنگائی بیروزگاری کی بنیادی وجہ پاکستان بننے کے اصول سے انحراف ہے. جب تک لاالہٰ کی بنیاد پر حکومت قائم نہیں ہوگی ایسے ہی چلتا رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 1173331

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1173331/خادم-حسین-رضوی-کے-عرس-کی-تین-روزہ-تقریبات-کل-سے-شروع-ہونگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com