ہمیں لبنان میں عسکری کارروائیوں کی اجازت ہونی چاہئے، بنی گینٹز
18 Nov 2024 14:58
اپنے ایک انٹرویو میں نبیہ بیری کا کہنا تھا کہ اس بار ہمیں جنگبندی کے لئے پُرامید رہنا چاہئے۔
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی کیمپ پارٹی کے سربراہ "بنی گینٹز" نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک ٹویٹ پوسٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی، اس شرط پو ہونی چاہئے کہ اسرائیل کسی بھی خلاف ورزی پر عسکری کارروائی کا مجاز ہو۔ بنی گینٹز کا یہ ٹویٹ اس صورت میں سامنے آیا جب لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر اور جنگ بندی کے مذاکرات میں "حزب الله" کے نمائندے "نبیہ بیری" نے عرب اخبار "المدن" کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے مسودے کی تیاری پر بحث جاری ہے، جس کی رو سے اسرائیل کو لبنانی سرزمین پر فوجی کارروائی کی آزادی کا کوئی حق حاصل نہیں۔ اسی انٹرویو میں نبیہ بیری نے خبر دی کہ تل ابیب نے امریکیوں سے کہا ہے کہ وہ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اس وقت لبنان میں سیز فائر کے لئے تازہ ترین اقدامات سامنے آ رہے ہیں۔ طے یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ کے لئے امریکی ایلچی Amos Hochstein آنے والے ایک دو دنوں میں سیز فائر کے لئے لبنانی فریق سے امریکی تجاویز کا جواب لینے کے لئے خطے کا دورہ کریں گے۔ لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ اس بار ہمیں جنگ بندی کے لئے پُرامید رہنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ: 1173297