QR CodeQR Code

لینڈ ریفارمز بل حتمی نہیں، پہاڑ جنگلات عوام میں ملکیت ہونگی، غلام محمد

18 Nov 2024 15:08

گلگت بلتستان کے وزیر قانون غلام محمد نے کہا ہے کہ لینڈ ریفارمز بل کا مسودہ حتمی نہیں اس میں ترامیم ہو سکتی ہیں، ہم بل کے مسودے کو عوام میں لیکر گئے، مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی، مشاورت کے نتیجے میں پبلک کی جانب سے کئی تجاویز اور سفارشات آئی ہیں، ہم ان تجاویز اور سفارشات کو دیکھیں گے اور بل کے مسودے کو تبدیل کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر قانون غلام محمد نے کہا ہے کہ لینڈ ریفارمز بل کا مسودہ حتمی نہیں اس میں ترامیم ہو سکتی ہیں، ہم بل کے مسودے کو عوام میں لیکر گئے، مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی، مشاورت کے نتیجے میں پبلک کی جانب سے کئی تجاویز اور سفارشات آئی ہیں، ہم ان تجاویز اور سفارشات کو دیکھیں گے اور بل کے مسودے کو تبدیل کریں گے اور اس مسودے میں عمائدین، وکلاء، علما اور اپوزیشن کی تجاویز شامل کریں گے، غلط فہمیاں دور کریں گے، ہم زمینوں کے حوالے سے قانون عوام کیلئے بنا رہے ہیں، لہٰذا ہم چاہتے ہیں کہ کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہ رہے اور سب کیلئے قابل قبول قانون بنایا جائے۔

 
 مقامی روزنامے کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ لینڈ ریفارمز بل پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے بنائی گئی کمیٹی میں بلتستان سے سید امجد زیدی کو شامل کر لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر انجینئر انور اور حاجی رحمت خالق جرگے کے بڑے اچھے پلیئر ہیں، اس لئے ان دونوں کو کمیٹی میں شامل کیا گیا، مجھے وزیر قانون کی حیثیت سے کمیٹی کا ممبر بنا دیا گیا تھا، امجد ایڈووکیٹ وکیل کی حیثیت سے کمیٹی میں شامل ہوئے، یہ کمیٹی ریجن کی سطح پر نہیں بنی تھی مگر بعد میں بلتستان سے ہمارے دوستوں نے شکایت کی تو ہم نے امجد زیدی کو کمیٹی کا ممبر بنا دیا ہے، کمیٹی اسٹیک ہولڈرز سے مل رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم سب کیلئے قابل قبول مسودہ تیار کرکے اسمبلی میں لیکر جائیں گے، ہم عوام کے نمائندے ہیں، عوام کے مفادات کے خلاف کیسے کام کر سکتے ہیں، علاقے میں موجود تمام قابل کاشت زمینیں عوام میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کی جائیں گی، پہاڑ جنگلات پہلے ہی عوام کے قبضے میں ہیں، کہاں لکھا گیا ہے کہ چراگاہیں حکومت کی ہونگی، دریا کے کنارے زمینوں پر عوامی تعمیرات نہیں ہونگی کیونکہ تعمیرات سے ڈیزاسٹر کا بڑا خطرہ ہوتا ہے، اگر زمینیں حکومت نے اپنے پاس رکھنی تھیں تو خالصہ سرکار کے نام پر رکھتی، نوتوڑ رول کو ختم نہ کیا جاتا، ہم نے خالصہ سرکار کو ختم کرکے زمینیں عوام کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
وزیر قانون نے کہا کہ اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیئے، اگر ہماری نیت میں کھوٹ ہوتی تو کیا ہم مسودہ پبلک کرتے؟ ہم نیک نیتی کے ساتھ زمینوں کے حوالے سے قانون سازی کر رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے موثر پالیسی بنائی جائے، جس کے تحت زمینوں کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے اور بار بار کے لڑائی جھگڑوں سے احتراز کیا جائے، عوام مطمئن رہیں قانون میں ان کی تجاویز اور سفارشات شامل ہونگی۔


خبر کا کوڈ: 1173287

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1173287/لینڈ-ریفارمز-بل-حتمی-نہیں-پہاڑ-جنگلات-عوام-میں-ملکیت-ہونگی-غلام-محمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com