مقبوضہ کشمیر کے محکوم لوگ پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں، زاہد اقبال
18 Nov 2024 10:07
چیرمین انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا بھر میں صرف اور صرف تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو پاکستان کی مسلح افواج اور پاکستانی عوام کی 77سالوں سے غیر متزلزل حمایت حاصل ہے۔
اسلام ٹائمز۔ انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے چیرمین معروف کشمیری راہنما زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر واضع موقف سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی اور پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف اور صرف تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو پاکستان کی مسلح افواج اور پاکستانی عوام کی 77سالوں سے غیر متزلزل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں یا اوورسیز سطح کشمیری کمیونٹی عرصہ سے سرپا احتجاج ہیں مگر اقوام متحدہ اور بڑی طاقتیں بھارتی افواج کے مظالم پر مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ زاہد اقبال ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کا حقیقی سفیر ہے، پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر نے گزشتہ دنوں نے اپنی تقریر میں ہندوتوا نظریے کا بھرپور انداز سے پردہ چاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھرپور حمایت و تائید گزشتہ 77برس سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے، مقبوضہ کشمیر کے محکوم لوگ پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں، جو حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ پوری طرح سے کھڑی ہے۔انہوں نے پاک فوج کے سربراہ کے بیان کو کشمیری عوام کے ساتھ اسلام آباد کی بھرپور وابستگی اور بی جے پی کی ہندوتوا کے فسطائی نظریے کے خلاف ایک بھرپور ردعمل قرار دیا۔
خبر کا کوڈ: 1173235