مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے روز گاری کی شرح میں اضافہ
18 Nov 2024 09:51
مقبوضہ علاقے کے ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں علاقے میں 3.52لاکھ نوجوان بے روزگار تھے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔مقبوضہ علاقے کے ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں علاقے میں 3.52لاکھ نوجوان بے روزگار تھے۔ ذرائع کے مطابق ان 3.52لاکھ بے روزگار نوجوانوں میں 1.09لاکھ نوجوان گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ہیں جو کل بے روزگاروں کا 31 فیصد ہیں۔ ایمپلائمنٹ ڈائریکٹر نثار احمد وانی کا کہنا ہے کہ 2023ء کی آخری سہ ماہی میں بے روزگار گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کی تعداد میں 10ہزار کا اضافہ ہوا تھا۔ تعلیم اور پبلک ایڈمنسٹریشن جیسے شعبوں میں تین لاکھ سے زائد خالی آسامیاں ہونے کے باوجود بے روزگاری کا مسئلہ برقرار ہے، اہل امیدوار ایک طویل عرصے سے ان خالی اسامیوں کے انتظار میں ہیں۔ مقبوضہ علاقے کے محکمہ داخلہ میں 1 ہزار 3 سو 35، صحت اور طبی تعلیم میں 415، محکمہ پانی میں 314جبکہ محکمہ بجلی میں 292 اسامیاں خالی بتائی جا رہی ہیں۔ یہ اسامیاں عرصہ دراز سے خالی ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں بے روزگاری سنگین شکل اختیار کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1173234