کوئٹہ، عوام ن لیگ کے ایم پی اے زرک مندوخیل پر برس پڑے، تقریر روکنی پڑ گئی
17 Nov 2024 20:50
مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی زرک مندوخیل مظاہرین سے خطاب کرنے آئیں۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے حکومت کی ترجمانی کرنیکی کوشش کی تو مظاہرین کھڑے ہو گئے اور زرک مندوخیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر برس پڑے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی زرک مندوخیل پر کوئٹہ کے عوام برس پڑے۔ عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مظاہرے میں خطاب کرنے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں کمسن طالب علم کے اغواء کے خلاف اہلخانہ کی جانب سے زرغون روڑ پر اسمبلی کے سامنے احتجاج کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی زرک مندوخیل مظاہرین سے خطاب کرنے آئیں۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے حکومت کی ترجمانی کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین کھڑے ہو گئے اور زرک مندوخیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر برس پڑے۔ اتنے میں دھرنا انتظامیہ نے زرک مندوخیل سے مائک لی اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے ان سے پرامن رہنے کی درخواست کی۔ انتظامیہ نے رکن اسمبلی زرک مندوخیل کو واپس مائک دی تو زرک مندوخیل نے چند سیکنڈ میں ہی اپنی تقریر ختم کی اور مظاہرے سے چلے گئے۔
خبر کا کوڈ: 1173133