پی ٹی آئی کے کھوکھلے نعروں نے عوام کو مایوس کیا، عون چودھری
17 Nov 2024 20:53
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر پاکستان کو ترقی کرتا اور پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے اور وہ آئے روز فیڈریشن پر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اسلام آباد پر بار بار یلغار کرنیوالے ملک دشمن ہیں، ان ملک دشمن عناصر نے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا رکھا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل آئی پی پی و رکن قومی اسمبلی عون چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر بار بار یلغار کرنیوالے ملک کے دشمن ہیں، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام ممکن ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کے کھوکھلے نعروں نے عوام کو مایوس کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عون چودھری نے کہاکہ پاکستان اس وقت برق رفتاری کیساتھ ترقی کی جانب گامزن ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر ملکی ترقی میں اپنا مثبت کر دار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت پاکستان کے موجودہ حالات بہت بہتر ہیں، مہنگائی دن بدن کم ہو رہی ہے، ڈالر نیچے آ رہا اور ملکی ایکسپورٹ میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان کی ترقی کی فکر کرنی چاہیے بعد میں اپنے بارے سوچنا چاہیے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ورنہ ہماری اپنی کوئی حیثیت نہیں۔ عون چودھری نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر پاکستان کو ترقی کرتا اور پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے اور وہ آئے روز فیڈریشن پر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اسلام آباد پر بار بار یلغار کرنیوالے ملک دشمن ہیں، ان ملک دشمن عناصر نے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب مزید ان کے ہاتھوں بے وقوف نہیں بنیں گے اور ان کے جھانسے میں نہیں آ ئیں گے۔
پاکستانی عوام اب پی ٹی آئی کے مکروہ چہروں کو پہچان چکی ہے، ہماری پاکستانی عوام بالخصوص کے پی کے کی عوام سے درخواست ہے کہ وہ ان شر پسندوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے دور حکومت میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، سابق وزیراعلی عثمان بزدار کے دور میں پنجاب میں اتنی کرپشن ہوئی کہ جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، پی ٹی آ ئی کے دور میں ملک میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں ہوا، بلکہ صرف دوسروں کی ذات پر کیچڑ اچھالا گیا، معیشت کیساتھ کھلواڑ کیا، مہنگائی میں اضافہ ہوا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے، پی ٹی آئی کے کھوکھلے نعروں نے عوام کو مایوس کیا۔ عون چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کے مشیر اسے غلط گائیڈ کر رہے ہیں اور ہر وہ کام جو ملکی مفاد کے خلاف جاتا ہے، اس پر اُکسا رہے ہیں، انہیں ان سانپوں سے پوچھنا چاہیے کہ آخر وہ چاہتے کیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کو دھرنوں، مار دو یا مر جائو، جلائو گھیرائو اور انتشار کی سیاست کو چھوڑ کر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے حکومت کیساتھ ایک میز پر بیٹھنا چاہیے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مثبت تجاویز دینی چاہیے نہ کے فیڈریشن پر حملے کرے، ملکی اداروں پر حملہ کرنیوالے کبھی بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں ہم نے اسلام آباد میں 126دن دھرنا دیا لیکن اس دوران ہمارے ورکرز نے کوئی جلائو گھیرائو نہیں کیا اور نہ ہی قومی املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ پی ٹی آئی کے ملک دشمن عناصر نے قومی ہیروز کی یادگاروں کو آگ لگائی اور مزاروں کی بے حرمتی کی، وہ دوبارہ اسلام آباد کی طرف یلغار کرکے نو مئی کے واقعہ کو دہرانا چاہتے ہیں لیکن اس بار حکومت انہیں ایسا کرنے نہیں دے گی اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
خبر کا کوڈ: 1173132