QR CodeQR Code

احتجاج پرامن ہوگا اور مطالبات پورے ہونے تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے، وقاص اکرم

17 Nov 2024 00:04

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں سراسر بے بنیاد ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی پارٹی میں کوئی کردار لینے جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے اور حکومت پہلے مطالبات مانے تو پھر کوئی دوسری بات ہوگی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں سراسر بے بنیاد ہیں کہ بانی پی  ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی پارٹی میں کوئی کردار لینے جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی سے آخری بار جیل میں ملاقات ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ہوئی تھی، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام دیا جبکہ گزشتہ روز کا اجلاس بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہوا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے پی سے قافلوں کو لیڈ کریں گے۔ مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر ضلع سے لوگ احتجاج کے لیے نکلیں گے، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے اسلام آباد میں بیٹھے رہیں گے، پہلے مطالبات مانیں گے پھر حکومت سے کوئی دوسری بات کریں گے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم تو اب مذاکرات کرنا بھی نہیں چاہتے، ہم بھرپور احتجاج کریں گے، ڈو اور ڈائی کا مطلب یہ نہیں کہ ہم  کسی کی جان  لینے جا رہے ہیں بلکہ ہمارا احتجاج پُرامن ہوگا، ہمارے لوگ کوئی مسلح تو نہیں ہوں گے، کفن باندھنے کا مطلب سفید رنگ کا کپڑا ہے جو کہ امن کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو ہمارے ورکرز بھی سوال کرتے ہیں اور احتجاج کرنے کا کہتے ہیں، سونے پہ سہاگہ یہ کہ اب تو بانی پی ٹی آئی نے بھی کال دے دی ہے۔ پولیس والے اور ان کی فیملیز والے بھی ہمارے ووٹرز ہیں، پولیس کے نوجوان بھی ہمیں نہیں روکیں گے، ملک اور ان ہی کے لیے نکل رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1172993

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172993/احتجاج-پرامن-ہوگا-اور-مطالبات-پورے-ہونے-تک-اسلام-ا-باد-میں-بیٹھیں-گے-وقاص-اکرم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com