نریندر مودی اور امت شاہ جھوٹ پھیلا رہے ہیں کہ راہل گاندھی ریزرویشن کے خلاف ہیں، پرینکا گاندھی
17 Nov 2024 08:00
کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ لیڈر راہل گاندھی سے خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے۔
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر امت شاہ پر ان کے بھائی راہل گاندھی کے بارے میں جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا کہ وہ ریزرویشن کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر راہل گاندھی سے خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے۔ مہاراشٹر کے اہلیانگر ضلع کے مندر ٹاؤن شرڈی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر سے 10 لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹ چھین لئے گئے۔ انہوں نے کہا "ہم سب کو مہاراشٹر پر فخر ہے لیکن اس سرزمین میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین ہو رہی ہے، آپ لوگوں کی توہین ہو رہی ہے"۔
انہوں نے نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ وہ عوامی طور پر اعلان کریں کہ ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے گی اور ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد کو ہٹا دیا جائے گا لیکن وہ عوامی پلیٹ فارم سے کہتے ہیں کہ میرا بھائی ریزرویشن کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص، جو منی پور سے ممبئی تک انصاف یاترا چلا کر آیا، اس کے بارے میں آپ کہہ رہے ہیں کہ وہ ریزرویشن کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے انصاف کے حصول اور ذات پات کی مردم شماری کے لئے کنیا کماری سے کشمیر کا سفر کیا۔ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ نریندر مودی ہمیشہ شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کا نام لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا "ہاں، ہمارے نظریات (کانگریس اور شیو سینا کے) مختلف تھے، ہاں، ہماری سیاسی سوچ مختلف تھی، لیکن نہ تو بال صاحب ٹھاکرے اور نہ ہی کانگریس اور راہل گاندھی کا کوئی لیڈر چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین برداشت کرے گا"۔
خبر کا کوڈ: 1172963