QR CodeQR Code

دہلی حکومت کی فضائی آلودگی کے خلاف کارروائی، 5 لاکھ گاڑیوں پر پابندی عائد

16 Nov 2024 21:20

لوگوں کی پریشانی کیوجہ یہ ہے کہ دہلی میں پبلک ٹرانسپورت پوری طرح سے مضبوط نہیں ہے، ماحولیات پسند بسیں بھی ابھی نہیں چل رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تمام تدابیر کے باوجود دہلی اور نیشنل کیپٹل ریجن (این سی آر) میں فضائی آلودگی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے شہریوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے گریپ-3 کے تحت بی ایس-3 پیٹرول اور بی ایس-4 ڈیزل گاڑیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 5 لاکھ گاڑیاں سڑکوں سے ہٹا دی جائیں گی تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ سرکاری حکم کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو موٹر گاڑی ایکٹ 1988 کی دفعہ 194 (1) کے تحت مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان پر 20000 روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حالانکہ ضروری اشیاء کو لے جانے والی گاڑیوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ دہلی کے باہر رجسٹرڈ بی ایس-3 اور اس سے نیچے کی ڈیزل سے چلنے والی ایل سی وی یعنی لائٹ کمرشیل وہیکل کو دہلی میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ یہاں بھی صرف ضروری اشیاء کو لے جانے والی گاڑیوں کو چھوٹ دی جائے گی۔

ای وی/ سی این جی/ بی ایس-4 ڈیزل کے علاوہ این سی آر ریاستوں سے آنے والی بین الریاستی بسوں کو بھی دہلی میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آل انڈیا ٹورسٹ پرمٹ کے ساتھ چل رہی بسوں اور ٹیمپو ٹریلور پر یہ قانون نافذ نہیں ہوگا۔ یہ حکم ایئر کوالیٹی مینجمنٹ کمیشن (سی اے کیو ایم) کے ذریعہ دہلی میں ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے خراب ہونے اور "سنگین زمرے" میں پہنچنے کے بعد قومی راجدھانی علاقے میں فضائی آلودگی کو اور خراب ہونے سے روکنے کے لیئے جمعہ صبح 8 بجے سے دہلی-این سی آر میں جی آر پی-3 کے حکم کے بعد آیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں بی ایس-3 کے تحت دو لاکھ پیٹرول گاڑیاں اور بی ایس-4 کے تحت 3 لاکھ سے زیادہ ڈیزل گاڑیاں ہیں۔ لوگوں کی پریشانی کی وجہ یہ ہے کہ دہلی میں پبلک ٹرانسپورت پوری طرح سے مضبوط نہیں ہے، ماحولیات پسند بسیں بھی ابھی نہیں چل رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1172960

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172960/دہلی-حکومت-کی-فضائی-آلودگی-کے-خلاف-کارروائی-5-لاکھ-گاڑیوں-پر-پابندی-عائد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com