کراچی میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں، مرتضیٰ وہاب
16 Nov 2024 18:52
میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس لانڈھی کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کے لئے طبی سہولیات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے لہٰذا شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں، طبی سہولیات کی فراہمی شہریوں کا بنیادی حق ہے، خالی ہونے والی زمین پر ایسے منصوبے شروع کئے جائیں گے جس سے عوام کو فوائد حاصل ہوں، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کے مردہ خانہ کا کام مکمل ہوچکا ہے، اس علاقے میں یہ پہلا مردہ خانہ ہوگا جس سے شہریوں کی یہ اہم ضرورت پوری ہوسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس لانڈھی میڈیکل کمپلیکس اور میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کے ایمرجنسی وارڈ،او پی ڈی وارڈ اور مردہ خانہ اور دیگر حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسپتال کی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹرز کی کمی کو دور کیا جائے گا، گائنی وارڈ، بچوں کا وارڈ اور آپریشن تھیٹر کی سہولیات بحال کی جائیں گی اور لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کے احاطے میں موجود تجاوزات ختم کی جائیں گی تاکہ ان جگہوں کو اس کمپلیکس کی توسیع کے لئے استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس لانڈھی کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کے لئے طبی سہولیات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے لہٰذا اس میڈیکل کمپلیکس کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1172943