ایم ڈبلیو ایم شعبہ تنظیم سازی کے آنلائن اجلاس کا انعقاد، شرکاء کی مشاورت
16 Nov 2024 17:07
اجلاس میں شعبہ تنظیم سازی کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اور آئندہ چھ ماہ کے پروگراموں پر مشاورت کی گئی۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شعبہ تنظیم سازی کااجلاس آج آن لائن منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی مسولین شریک ہوئے۔ اجلاس میں شعبہ تنظیم سازی کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ چھ ماہ کے پروگراموں پر مشاورت کی گئی اور طے کیا گیا کہ آئندہ ماہ مرکزی تنظیم سازی کونسل کا اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ علاوہ ازیں مجموعی فعالیت و آئندہ پروگرامز کے حوالے سے مرکزی چیئرمین قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کرکے ان سے رہنمائی لی جائے گی۔ اجلاس میں صوبہ وائز صوبائی و ضلعی شوریٰ کے اجلاس اور ایک روزہ ضلعی تنظیمی تربیتی ورکشاپ کے بر وقت انعقاد کی تاکید کی گئی۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شعبہ تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین میں بنیادی اہمیت کا حامل شعبہ ہے۔ ضلعی کابینہ اور ضلعی شوریٰ کے اجلاسوں کا بروقت انعقاد ضروری ہے۔ شوریٰ اجلاس تنظیمی فعالیت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مجلس میں جمہوری رویوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی کارکنوں کی تعلیم و تربیت لازمی ہے۔ ایک الٰہی اور دینی تنظیم کے کارکنوں کو اخلاق اور اخلاص کا پیکر ہونا چاہئے، جس کے لئے تعلیم و تربیت لازمی امر ہے۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سندھ محمود الحسن، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی پنجاب سید انوار الحسن زیدی، اراکین مرکزی تنظیم سازی کونسل آصف رضا، مولانا شمس الدین، علامہ سید وحید کاظمی اور صوبائی صدر کے پی کے علامہ جہانزیب جعفری شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ: 1172928