ماسکو و قاہرہ کیجانب سے غزہ و لبنان میں فوری جنگ بندی پر تاکید
16 Nov 2024 14:31
متحدہ عرب امارات میں ہونیوالی اپنی ملاقات میں مصری و روسی وزرائے خارجہ نے لبنان و غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے
اسلام ٹائمز۔ مصری و روسی وزرائے خارجہ سرگئی لاؤروف اور بدر عبدالعاطی نے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی "صیر بنی یاس" کانفرنس کے موقع پر اپنی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا اور غزہ کی پٹی و لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ المیادین کے مطابق اس ملاقات کے دوران علاقائی حالات اور غزہ کی پٹی میں ابتر انسانی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سرگئی لاؤروف اور بدر عبدالعاطی نے غزہ و لبنان میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی غیر مشروط ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران کئی ایک اہم دو طرفہ اقتصادی منصوبوں کا بھی بجائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کمیٹی نے امسال 15 سے 17 نومبر کے دوران صیر بنی یاس نامی جزیرے میں ایک سالانہ فورم کی میزبانی کی ہے جس کا مقصد مشرق وسطی و خلیج فارس کے خطے میں سلامتی و استحکام کے مسائل کا جائزہ لینا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1172899