QR CodeQR Code

بھارت کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے، حریت کانفرنس

16 Nov 2024 13:44

کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں اور رہنماوں نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے بھارت نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر گزشتہ 77 برس سے غیر قانونی طور پر تسلط جما رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں اور رہنماوں نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے بھارت نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر گزشتہ 77 برس سے غیر قانونی طور پر تسلط جما رکھا ہے اور وہ کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے جن کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اپنے اس حق کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کا وعدہ نہ صرف عالمی برادری بلکہ خود بھارت نے ان سے کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کو مکمل طور پر ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، اس نے آزادی پسند رہنماﺅں، کارکنوں، صحافیوں، علماء، وکلا، طلباء، انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے کارکنوں سمیت پانچ ہزار کے قریب کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر رکھا ہے جہاں انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں شہری آبادی کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں نے محاصرے اور تلاشی کی بلا جواز کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ فوجی طاقت سے کسی قوم کے جذبہ آزدی کو ہرگز دبایا نہیں جا سکتا، بھارت کی تمام تر جیرہ دستیوں کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور اپنے عظیم شہداء کے مقدس مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔


خبر کا کوڈ: 1172891

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172891/بھارت-کشمیریوں-کو-بدترین-ریاستی-دہشت-گردی-کا-نشانہ-بنا-رہا-ہے-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com