QR CodeQR Code

غیر مقامی لوگ کشمیریوں کی زمینیں، نوکریاں چھین رہے ہیں، فاروق عبداللہ

16 Nov 2024 12:41

نیشنل کانفرنس کے صدر نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور انسانیت کی قدروں کو برقرار رکھنے میں سکھ برادری کے کردار کی تعریف کی۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے ان کی زمینیں، نوکریاں اور دیگر اہم وسائل چھین کر غیر کشمیریوں کو دیے جا رہے ہیں جو انتہائی باعث تشویش ہے۔ ذرائع کے مطابق فاروق عبداللہ نے گرو نانک کے یوم پیدائش کے موقع پر جموں میں سکھوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں غیر مقامی لوگوں کی آمد کے منفی اثرات پربات کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ مقامی لوگوں کی نوکریاں، زمینیں اور دیگر اہم وسائل چھین رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریت اور بجری وغیرہ کے ٹھیکے بھی باہر کے لوگوں کو دیے جا رہے ہیں، جس سے مقامی لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر زور دیا کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت مزید کسی تاخیر کے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کر کے اپنے وعدے کی تکمیل کرے۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور انسانیت کی قدروں کو برقرار رکھنے میں سکھ برادری کے کردار کی تعریف کی۔


خبر کا کوڈ: 1172883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172883/غیر-مقامی-لوگ-کشمیریوں-کی-زمینیں-نوکریاں-چھین-رہے-ہیں-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com