QR CodeQR Code

ہم نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ایرانی حملہ اسقدر وسیع ہو گا، وعدہ صادق 1 کا سامنا کرنیوالے امریکی پائلٹ

16 Nov 2024 12:00

سی این این کیساتھ گفتگو میں امریکی پائلٹوں نے ایرانی وعدہ صادق 1 کی رات غاصب صیہونی رژیم کیخلاف اولین ایرانی حملے کی وسعت سے پردہ اٹھایا ہے


اسلام ٹائمز۔ امریکی چینل سی این این (CNN) نے 13 اپریل 2024 کے روز، غاصب صیہونی رژیم کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے اولین حملے ''وعدہ صادق 1'' کا سامنا کرنے والے امریکی پائلٹوں کا انٹرویو کیا ہے، جس میں لڑاکا پائلٹ بتاتے ہیں کہ کس طرح انہوں نے مکمل اندھیرے میں انگنت ایرانی ڈرون طیاروں کا سامنا کیا تھا جبکہ ان کے ہتھیار تک ختم اور زمین پر موجود امریکی ایئربیس حملے کی وسعت اور رن وے پر ڈھیروں ڈھیر ملبے کے آ گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہو چکی تھی اور پورا عملہ زمین دوز بنکروں میں جا گھسا تھا۔

سی این این کا لکھنا ہے کہ جب امریکی ایف 15 (F-15 Strike Eagle) کے فائٹر پائلٹ بنجمن کوفی (Benjamin Coffey) نے اپنی پرواز شروع کی تو اسے یہ توقع ہی نہ تھی کہ بڑے پیمانے پر انجام پانے والے اس ایرانی حملے کا سامنا کرتے ہوئے اس کے تمام میزائل ختم ہو جائیں گے۔ یہ 13 اپریل کی رات تھی اور ایران نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر قائم غاصب صیہونی رژیم کے اہم عسکری ٹھکانوں کی جانب 300 سے زائد ڈرون طیارے اور یلسٹک و کروز میزائل داغے تھے۔ سی این این کے مطابق یہ حملہ اس سے کہیں زیادہ وسیع تھا کہ جتنا امریکی فوج نے سوچ رکھا تھا۔ 

اسرائیل کا دفاع کرنے کے لئے نامعلوم امریکی ایئربیس سے پرواز کرنے والے امریکی پائلٹوں کو حکم دیا گیا کہ وہ حملوں کو پسپا کرنے کے لئے اپنے اختیار میں موجود تمام ہتھیار استعمال کریں۔ امریکی پائلٹوں نے سی این این کو بتایا کہ یہ حملہ انتہائی بڑے پیمانے پر اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون طیاروں کے خلاف امریکی فضائیہ کا پہلا ''حقیقی امتحان'' تھا جس میں وہ ''کسی حد تک'' کامیاب رہی۔ سی این این نے دعوی کیا ہے کہ امریکی فوج نے اس حملے کو کافی حد تک پسپا کر دیا تھا جبکہ ایران و آزاد میڈیا کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم، امریکہ، برطانیہ اور اردن، بحرین، ترکی و امارات سمیت خطے میں غاصب اسرائیلی رژیم کے دسیوں اتحادی ممالک، سب کے سب مل کر بھی 15 فیصد سے زائد ایرانی حملہ آور ڈرون و میزائلوں کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکے تھے۔

اس رات کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں بات کرتے ہوئے بنجمن کوفی اور اس کی کو پائلٹ ہیسٹر (Hester) نے کہا کہ میزائل ختم ہو حانے کے بعد ہم نے سوچا کہ ایف 15 کے لئے کم از کم محفوظ اونچائی سے بھی بہت نیچے پرواز کرنے والے ایرانی ڈرون طیاروں کے قریب پرواز کرتے ہوئے انہیں بندوق کی گولیوں سے نشانہ بنایا جائے جو ایک انتہائی خطرناک چال تھی کیونکہ اردگرد مکمل اندھیرا تھا اور ہدف بھی بمشکل نظر آ رہا تھا، سو ہم ڈرتے ڈرتے ایرانی ڈرون کے قریب گئے لیکن وہ چھوٹ گیا! کوفی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں آپ کو رش کا سا احساس ہوتا ہے اور آپ خود کو خطرناک حد تک زمین کے قریب جاتا محسوس کرتے ہیں، لہذا دوبارہ کوشش کرنے کے لئے خطرہ بہت زیادہ تھا اور ہم نے ایرانی ڈرون کا پیچھا کرنے کے خیال کو اپنے ذہن سے نکال دیا۔

سی این این نے دعوی کیا کہ ہیسٹر و کوفی سمیت فضائی دفاع اور سمندر میں موجود امریکی افواج، اس رات 70 ایرانی ڈرونز اور 3 بیلسٹک میزائلوں کو روک پانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔


خبر کا کوڈ: 1172871

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172871/ہم-نے-کبھی-سوچا-بھی-نہ-تھا-کہ-ایرانی-حملہ-اسقدر-وسیع-ہو-گا-وعدہ-صادق-1-کا-سامنا-کرنیوالے-امریکی-پائلٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com