بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے اُن کے کاروبار اور روزگار چھین رہا ہے، بیرسٹر سلطان محمود
16 Nov 2024 11:33
اپنے دورہ باغ کے دوران مختلف عوامی وفود اور میڈیا کے نمائندگان سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف ملکی و بین الاقوامی سطح پر یکجا ہو کر موثر انداز میں اپنی آواز بلند کریں۔
اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئے روز مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جاتا ہے اور بوڑھوں، عورتوں اور بچوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنا کر بصارت سے محروم کیا جا رہا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے اُن کے کاروبار اور روزگار چھین رہا ہے اور بھارت کہ کشمیریوں پر کیے جانے والے یہ تمام تر مظالم اور اوچھے ہتھکنڈے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے مغائر ہیں جس کی خلاف ورزی بھارت گزشتہ 77 سالوں سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس لئے ہماری آزادی کے بیس کیمپ اور دیگر پلیٹ فارمز سے ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف ملکی و بین الاقوامی سطح پر یکجا ہو کر موثر انداز میں اپنی آواز بلند کریں تاکہ دنیا کے سامنے بھارت کا یہ بدنما چہرہ عیاں ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنے دورہ باغ کے دوران مختلف عوامی وفود اور میڈیا کے نمائندگان سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر وزیر زراعت، لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سردار میر اکبر کی قیادت میں ایک وفد نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ دریں اثناء سردار ضیاء قمر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی قیادت میں بھی وفد نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا امتیاز صدیقی چیئرمین علماء و مشائخ کی قیادت میں ایک وفد نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ سردار شاہ زمان چیئرمین یونین کونسل دھیرکوٹ، سردار طاہر اکبر، سردار شاہد انور، عاشر شجاع ایڈووکیٹ،جنید اختر چغتائی ایڈووکیٹ،سید ولی گردیزی، سردار رفیق بیگ، چیئرمین زکوٰۃ خان اکمل، سید اشفاق گردیزی، الیاس عاصم، جہانگیر ماگرے ایڈووکیٹ اورمسعود منہاس سمیت دیگر نے بھی صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صحافیوں کے وفد نے بھی صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ صحافیوں کے وفد میں سردار اکمل عارف صدر سجاد شہید پریس کلب، شوکت تیمور سابق صدر باغ پریس کلب، یوسف مغل نائب صدر باغ پریس کلب، محمود راتھر سابق جنرل سیکرٹری باغ پریس کلب، کامران نسیم، سوار مغل، حسام خورشید اور اویس خان شامل تھے۔ دریں اثناء بشارت بادشاہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں بھی ایک وفد نے صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ممبر ان ضلع کونسل کے وفد نے بھی صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی جس میں سردار طارق محمود ایڈووکیٹ، ممبر ضلع کونسل سردار نعیم فاروق، ممبر ضلع کونسل سردار شہزاد خان، ممبر ضلع سردار طارق چغتائی، سردار نیاز خان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وفود اور کونسلرز نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اپنی اپنی یونین کونسلز کے عوامی مسائل اور اُن کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کونسلرز کے وفد کو ہدایت کی کہ وہ محنت اور لگن سے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اُن کے مسائل کے حل کے لئے اپنے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ: 1172862